بریلی،4فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا) اترپردیش میں انتخابی ماحول گرم ہے۔بریلی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ اورسابق وزیراعلیٰ مایاوتی نے ایک بار سماج وادی پارٹی اور ان کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔انہوں نے پارٹی کے حامیوں کی ریلی میں کہا کہ اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی جنگل راج کی علامت ہے۔مایاوتی نے کہا کہ ایک بار پھر ایس پی داغدارچہروں پرالیکشن لڑ رہی ہے۔ انہوں نے دیگر اہم پارٹی بی جے پی پر بھی کئی حملے کئے۔ بی ایس پی سپریمومایاوتی نے کہاکہ بی جے پی کی غلط پالیسیوں سے لوگ پریشان ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ ریاست کی ایس پی حکومت نے ان کی طرف سے شروع کئے گئے منصوبوں کا نام تبدیل کر دیا ہے۔ دلتوں، اقلیتوں کی حالت یوپی میں خراب ہے۔مایاوتی نے کہاکہ سماج وادی پارٹی کو انتخابات میں زبردست نقصان اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے سماج وادی پارٹی میں چلی اندرونی سیاست پر سوال داغے اور الزام لگایا کہ بیٹے کی محبت میں ملائم سنگھ یادو نے شیو پال یادو کو کئی بار ذلیل کیا ہے۔